
40 سالوں سے صرف 10 روپے میں علاج کرنے والا “غریبوں کے مسیحا”!
جہاں آج کے دور میں علاج معالجے کے اخراجات اور ڈاکٹرز کی فیسیں ہزاروں روپے تک پہنچ چکی ہیں، وہیں بھارت کے شہر پٹنہ کے ڈاکٹر اعجاز علی پچھلے 40 سالوں سے ایک مثال بنے ہوئے ہیں۔
غریبوں کے مسیحا کے نام سے معروف ڈاکٹر اعجاز علی مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے محض 10 روپے فیس لیتے ہیں تاکہ غریب سے غریب انسان بھی معیاری علاج سے محروم نہ رہے۔ ان کا مقصد اسپتالوں کی طرح منافع کمانا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرنا ہے،
اسی لیے وہ انتہائی کم اخراجات میں سرجریز کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ ہر مریض کو اسی دن دیکھ لیا جائے تاکہ انہیں سفری اخراجات یا قیام پر اضافی پیسے نہ خرچ کرنے پڑیں۔
ڈاکٹر اعجاز علی کی مرحومہ اہلیہ بھی اسی راہ پر گامزن تھیں،
اور اب ان کے تینوں بچے—جو کہ خود بھی ڈاکٹرز ہیں—اس عظیم روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ امریکہ کے معتبر ادارے سے تربیت یافتہ ان کا بیٹا صرف 100 روپے فیس لیتا ہے، جبکہ ان کی بیٹی (لیڈی ڈاکٹر) محض 50 روپے چارج کرتی ہے، اور کئی غریب مریضوں کے لیے یہ فیس بھی معاف کر دی جاتی ہے۔
سادہ کرتہ پجامہ پہنے، پلاسٹک کی کرسی پر بیٹھ کر روزانہ 100 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور 7 سے 8 سرجریز کرنے والے ڈاکٹر اعجاز علی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ طب صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ انسانیت کا نام ہے۔..
