کشتیاں ڈیم میں الٹنے کے بعد 8افراد کو ڈوبنے سے بچانے والے اسماعیل خان کی کتھا۔۔۔

عیدالاضحیٰ کے روز ضلع باجوڑ کے راغگان ڈیم میں سیاحوں سے بھری ایک کشتی فنی خرابی کے باعث مشکل میں پھنس گئی۔ اسے بچانے کے لیے آنے والی دوسری کشتی بھی توازن کھو بیٹھی اور دونوں کشتیاں بیک وقت الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں 15 افراد ڈیم کے گہرے پانی میں ڈوبنے لگے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی خیبرپختونخوا کے محکمہ سول ڈیفنس سے وابستہ 25 سالہ ریسکیور اسماعیل خان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر پانی میں اتر کر اپنی تیراکی کی مہارت استعمال کی اور ڈوبنے والے آٹھ افراد کو زندہ بچا لیا۔ اسماعیل خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ حادثے کا شکار ہونے والے 15 افراد میں سے آٹھ کی جان بچانے میں کامیاب رہے۔

اس افسوس ناک حادثے میں 27 سالہ مومن، 29 سالہ ولی، 9 سالہ طفیل اور 11 سالہ فواد جان سے گئے جبکہ تین افراد لاپتا ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے اور بیشتر سیاحوں نے لائف جیکٹس بھی نہیں پہن رکھی تھیں۔

حادثے کے بعد ریسکیو 1122، پاک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں سمیت تقریباً 60 ریسکیو اہلکاروں اور 25 غوطہ خوروں نے تلاش اور امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ باجوڑ کے شہریوں اور امدادی کارکنوں نے اسماعیل خان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر آٹھ انسانوں کو نئی زندگی دینے والے اس نوجوان کو قومی اعزاز سے نوازا جائے۔

Leave a Comment