مریم نواز کی بیٹی کی شادی

پاکستان کی سیاسی اور سماجی شخصیات سے جڑے ایک اہم خاندانی موقع کی خبر سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کا نکاح معروف کاروباری و صنعتی خاندان سے تعلق رکھنے والے اذان جبار کے ساتھ جاتی امرا میں منعقد ہونے والی ایک محدود اور پروقار تقریب میں ہوا۔ تقریب میں خاندان کے قریبی افراد، عزیز و اقارب اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

بتایا جا رہا ہے کہ نکاح کی تقریب کو انتہائی سادہ اور نجی رکھا گیا، جس میں غیر ضروری ہنگامے یا بڑی تقریب کے بجائے صرف قریبی رشتہ داروں اور اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف بھی خصوصی طور پر نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف، ماہ نور صفدر کے والد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، حسن نواز، حسین نواز اور دیگر قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

دوسری جانب اذان جبار کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق ایک معروف کاروباری خاندان سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد کاروباری حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، جبکہ خاندان کا تعلق فلور ملز کی صنعت سے بتایا جاتا ہے۔

ماہ نور صفدر نے حال ہی میں برطانیہ کی SOAS یونیورسٹی لندن سے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کی اور گریجویشن کے بعد پاکستان واپس آئی تھیں۔ اب ان کی زندگی میں ایک نئے سفر کا آغاز ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی ماہ نور صفدر اور اذان جبار کے نکاح کی خبر زیرِ بحث ہے اور صارفین کی جانب سے دونوں کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

نیو پوائنٹ کی جانب سے ماہ نور صفدر اور اذان جبار کو نئی زندگی کے آغاز پر دلی مبارک

Leave a Comment