سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ڈاکٹر زاہرہ کی جانب سے ایک اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے نوجوان لڑکیوں اور خصوصاً جنرل زی کے لیے اہم پیغام دیا ہے۔ڈاکٹر زاہرہ کے مطابق، انسان خطا کا پتلا ہے، غلطیاں ہو جاتی ہیں، لیکن بعض غلطیوں کے نتائج پوری زندگی انسان کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر موجود بعض افراد اپنے آپ کو گفٹر یا مددگار ظاہر کرتے ہیں اور مختلف قسم کے وعدوں اور باتوں کے ذریعے لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ڈاکٹر زاہرہ نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک گفٹر کی باتوں اور وعدوں پر اعتماد کر بیٹھیں اور ایسا قدم اٹھا لیا جس پر انہیں آج افسوس ہے۔ ان کے مطابق اس واقعے نے ان کی زندگی کو شدید متاثر کیا اور وہ نہیں چاہتیں کہ دوسری لڑکیاں بھی ایسی صورتحال کا شکار ہوں۔انہوں نے تمام لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی اجنبی شخص کی باتوں، تحفوں یا مالی مدد کے وعدوں پر آنکھیں بند کرکے اعتماد نہ کریں۔ بظاہر معمولی لگنے والی بات بعد میں ایک بڑے مسئلے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ڈاکٹر زاہرہ کا مزید کہنا تھا کہ خاص طور پر نوجوان نسل اور جنرل زی کو اپنی پرائیویسی، عزت اور مستقبل کے بارے میں بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ کسی کے مالی فائدے یا چند لمحوں کی خوشی کے لیے ایسا فیصلہ نہ کریں جس کا نقصان بعد میں پوری زندگی برداشت کرنا پڑے۔انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میری زندگی میں جو کچھ ہوا، میں نہیں چاہتی کہ کوئی اور لڑکی اس تجربے سے گزرے۔ ان کا پیغام ہے کہ سوشل میڈیا کے تعلقات میں احتیاط کریں، ذاتی معلومات اور نجی مواد کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا لالچ میں آکر اپنی زندگی خطرے میں نہ ڈالیں۔ڈاکٹر زاہرہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں